ملتان ٹیسٹ میں انگلش بیٹرز کو اپنی گھومتی گیندوں سے تگنی کا ناچ نچانے والے ابرار احمد سوشل میڈیا پر ٹرینڈ بن گئے۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز انگلش ٹیم 281 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی، ڈیبیو کرنے والے اسپنر ابرار احمد کی گھومتی گیندیں انگلش بیٹرز نہ سمجھ سکے اور ان کی بیٹنگ اسپنر کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔

ابرار احمد نے پہلی اننگز میں 22 اوورز میں 114 رنز دے کر 7 انگلش کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

ان کے گھومتی گیندوں کے آگے جوروٹ، بین ڈکٹ، بین اسٹوکس، ہیری بروک، زیک کرولی، اولی پوپ، ول جیکس بھی نہ ٹھہر سکے۔

سوشل میڈیا پر ابرار احمد ٹاپ ٹرینڈ بن گئے جبکہ وہ 13ویں قومی کھلاڑی ہیں جنہوں نے ڈیبیو میچ میں پانچ سے زائد وکٹیں حاصل کی ہیں۔

ای ایس پی این کرک انفو نے بھی ابرار احمد کی تصویر شیئر کرتے ہوئے بولنگ کی تعریف کی ہے۔‘

ابرار احمد کی بولنگ کی تعریف ناصرف قومی کرکٹرز بلکہ دیگر ٹیم کے موجودہ و سابق کرکٹر بھی کررہے ہیں اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی ان کی بولنگ کی تعریف کی جارہی ہے۔

مائیکل وان نے لکھا کہ ’ایسا لگتا ہے کہ بولر کچھ سالوں تک بیٹرز کے لیے پریشانی کا باعث بنے گا۔‘

بھارتی صحافی نے بھی ابرار احمد کی بولنگ کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’بندہ سچ میں پُراسرار اسپنر ہے، بولنگ دیکھ کر مزہ آگیا۔

کئی سوشل میڈیا صارفین نے لکھا کہ ’سعید اجمل کے بعد ہمیں سالوں بعد ایک جادوگر اسپنر ملا ہے۔

یاد رہے کہ قومی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 107 رنز بنالیے ہیں، کپتان بابر اعظم 61 اور سعود شکیل 32 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔



from کھیل Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/rQ92YDH
via IFTTT